عظمیٰ ویب ڈیسک
اجودھیا /وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کورام مندر کےبرج پرمذہبی پرچم لہرایا اور کہا کہ وہ ہندوستان کو غلامی کی ذہنیت سے دور کر کے ہی رہیں گے اس دوران انہوں نے رام کے وجود کا انکارکرنے والوں کو بھی نشانہ بنایا مودی کے ساتھ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت بھی موجود تھے تاریخی پرچم کشائی سے ٹھیک پہلے شیش اوتار مندر میں پوجا ارچنا کی گئی وزیر اعظم نے کہا،میں پوری دنیا کے کروڑوں رام بھگتوں کو اس ناقابل فراموش لمحے، اس منفرد موقع کی مبارکباد دیتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا، میں آج ان تمام عقیدت مندوں کو بھی سلام کرتا ہوں اور ہر اس شخص کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے رام مندر کی تعمیر کے لیے اپنا تعاون دیا۔ میں رام مندر کی تعمیر سے جڑے ہر مزدور، ہر کاریگر، ہر منصوبہ ساز، ہر ماہرِ تعمیرات کا خیرمقدم کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آنے والی صدیاں اور ہزاروں برسوں تک یہ پرچم پربھو رام کے آدرشوں اور اصولوں کا اعلان کرے گا، یہ پرچم پکارے گا کہ سچائی کی جیت ہوتی ہے، جھوٹ کی نہیں۔ یہ اعلان کرے گا کہ سچائی ہی برہما کا روپ ہے۔ سچائی میں ہی دھرم قائم ہے۔ یہ پرچم باعث تحریک بنے گا کہ ’جان جائے پر وعدہ نہ جائے‘یعنی جو کہا وہی کیا جائے۔ مودی نے کہا، آج اجودھیا نگری ہندوستان کے ثقافتی شعور کے ایک اور نقطہ کی گواہ بن رہی ہے۔ آج پوراہندوستان اور دنیا رام مے (رام کے رنگ میں رنگی ہوئی) ہے۔ ہر رام بھگت کے دل میں بے پناہ روحانی خوشی ہے۔ صدیوں کے زخم بھر رہے ہیں۔ آج صدیوں کی تکلیف کو راحت مل رہی ہے۔ صدیوں کا عزم آج پائے تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی خوشیوں کو سب سے اوپر رکھ کر آگے بڑھنا ہے۔ پانچ سو سالوں کا خواب سچ ہوا ہے۔ آنے والے 1000 برسوں کی بنیاد کو مضبوط کرنا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے رام کے اصولوں کو جینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنی جڑوں سے کٹ جاتے ہیں تو ساری شان و شوکت ختم ہو جاتی ہے۔واضح رہے کہ 10 فٹ اونچے اور 20 فٹ لمبے مثلث نما پرچم پر ایک چمکتے سورج کی تصویر ہے، جو بھگوان شری رام کی چمک اور بہادری کی علامت ہے اور اس پر کوویدار درخت کی تصویر کے ساتھ اوم لکھا ہے۔ مودی نے ابھیجیت مہورت میں 11 بج کر 55 منٹ پر پرچم لہرایا۔ وزیر اعظم نے جوپرچم لہرایا، وہ رام مندر کے لیے خاص طور پر تیار کیا گیا ہے۔
’جان جائے پر وعدہ نہ جائے‘:ہندوستان کو غلامی کی ذہنیت سے دور کر کے رہوں گا: مودی