عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمۂ تعلیم نے منگل کے روز کشمیر اور جموں صوبوں کے ونٹر زون میں واقع تمام سرکاری و تسلیم شدہ نجی اسکولوں کے لیے سرمائی تعطیلات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق پری پرائمری کلاسز 26 نومبر 2025 سے 28 فروری 2026 تک بند رہیں گی۔اسی طرح پہلی سے آٹھویں جماعت تک سرمائی تعطیلات یکم دسمبر 2025 سے 28 فروری 2026 تک رہیں گی۔
جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے لیے تعطیلات 11 دسمبر 2025 سے 22 فروری 2026 تک مقرر کی گئی ہیں۔محکمہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تعطیلات کے دوران تمام ٹیچنگ فیکلٹی کو کسی بھی تعلیمی مشن یا ضرورت کے لیے دستیاب رہنا ہوگا۔ مزید براں، تدریسی عملے کو 20 فروری 2026 تک اپنے اپنے اداروں میں واپس رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کی تیاری کی جا سکے۔اعلامیے میں یہ انتباہ بھی شامل ہے کہ اگر کوئی سربراہِ ادارہ یا عملہ مقررہ سرمائی شیڈول کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کشمیر اور جموں کے ونٹرزون اسکولوں میں سرمائی تعطیلات کا اعلان