عظمیٰ ویب ڈیسک
ایودھیا/اتر پردیش کے ایودھیا میں شری رام جنم بھومی مندر کے شکھر پر منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے دھرم دھوج لہرایا۔اس سے قبل شری رام جنم بھومی مندر کے شکھر پر پرچم لہرانے کے مقصد سے’سَنْکلپ سدّھی‘ کے لیے ایودھیا پہنچے۔ یہاں پہنچنے پر وزیر اعظم مودی کا زبردست استقبال کیا گیا۔ روڈ شو اور پوجا کے بعد انہوں نے سنگھ سربراہ بھاگوت کے ساتھ پرچم لہرانے کا عمل مکمل کیا۔اس دوران ’جے شری رام‘ اور ’جے جے ہنومان‘ کے گونجتے نعروں کے ساتھ ایودھیا کے باشندوں نے وزیر اعظم کے قافلے پر پھول برسائے۔ ایودھیا کے پورے راستے پر وزیر اعظم کا بے مثال استقبال کیا گیا۔
ایودھیا کے باشندوں کے ایک ہاتھ میں بھگوا جھنڈا اور دوسرے ہاتھ میں ترنگا لہرا رہا تھا۔ شاندار استقبال سے محظوظ وزیر اعظم نے بھی ہاتھ ہلا کر لوگوں کا خیر مقدم قبول کیا۔ ایودھیا پہنچنے پر گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کا استقبال کیا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم آج صبح ایودھیا پہنچے تھے۔ ان کا ہیلی کاپٹر ساکیت مہا وِدیالیہ میں اترا۔ یہاں سے قافلے کے ساتھ ٹیڑھی بازار ہوتے ہوئے وہ شری رام مندر احاطے میں داخل ہوئے۔ اس دوران شہریوں نے ’جے شری رام‘ اور ’جے جے ہنومان‘ کے بلند نعروں کے ساتھ ان کا خیر مقدم کیا۔
وزیر اعظم نے سپت مندروں میں بھی پوجا اَرچنا کی۔ مندر احاطے میں مہارشی وشیٹھ، مہارشی وشوامتر، مہارشی اگستیہ، مہارشی والمیکی، دیوی اہلیہ، نشاد راج گُرہہ اور ماتا شَبری کے مندروں میں پہنچ کر انہوں نے شیش جھکایا۔ وزیراعظم نے شیو اوتار مندر اور ماتا اَنّاپورنا مندر میں بھی پوجا اور درشن کیے۔وزیر اعظم مودی ساکیت یونیورسٹی ہیلی پیڈ پہنچے، جہاں وزیر اعلیٰ یوگی اور گورنر پٹیل نے پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد وہ شری رام جنم بھومی مندر کی جانب روانہ ہوئے۔
شری رام مندر احاطے میں رام دربار پہنچ کر وزیر اعظم، آر ایس ایس سربراہ بھاگوت اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے درشن، پوجا اور آرتی کی۔یہاں پجاریوں نے تینوں معزز مہمانوں کو رام نامی گمچھا اوڑھایا اور پرساد پیش کیا۔ وزیر اعظم مودی اور آر ایس ایس سربراہ بھاگوت نے پورے رسم و رواج کے ساتھ پوجا کر کے رام للا کا آشیرواد حاصل کیا۔
شری رام مندر پر وزیر اعظم مودی نے دھرم دھوج لہرایا، ’جے شری رام‘ کے نعروں سے گونجا پورا احاطہ