عظمیٰ ویب ڈیسک
سوپور/سوپور پولیس نے چوری کے ایک معاملے کو رپورٹ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر حل کرتے ہوئے ملزمان کی نشاندہی کی اور چوری شدہ سامان برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق پولیس پوسٹ بس اسٹینڈ سوپور کو مقبول الرحمن بیگ ساکن ماڈل ٹاؤن سوپور کی جانب سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا تھا کہ نامعلوم افراد نے ان کے گھر سے برتن چوری کر لیے ہیں۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن سوپور میں ایف آئی آر نمبر 260/2025 متعلقہ دفعات کے تحت درج کی گئی اور تفتیش شروع کی گئی۔
تحقیقات کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔ اس دوران ایک مشتبہ شخص شبیر احمد شیخ ولد عبد الحمید شیخ ساکن ماڈل ٹاؤن ’ڈی‘نے پوچھ گچھ کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ اس نے بتایا کہ چوری شدہ سامان کا کچھ حصہ کوآپریٹو باغ سوپور میں چھپایا گیا تھا جبکہ کچھ سامان ایک اور شخص کو فروخت کیا گیا تھا۔ اس کی نشاندہی پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر سامان برآمد کرلیا۔
مزید تفتیش کے دوران ایک اور مشتبہ شخص وسیم نبی وانی ساکن ماڈل ٹاؤن ’ڈی‘کو پوچھ گچھ کیلئے بلایا گیا، جس نے شبیر احمد شیخ سے چوری شدہ سامان وصول کرنے کا اعتراف کیا۔ اس کی نشاندہی پر اس کے گھر سے مزید چوری شدہ سامان بھی تحویل میں لیا گیا۔سوپور پولیس نے کہا کہ وہ بروقت تحقیقات، فوری کارروائی اور عوامی املاک کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔
سوپور پولیس نے 24 گھنٹوں میں چوری کا معاملہ حل کیا؛ چوری شدہ سامان برآمد