عازم جان
بانڈی پورہ//حاجن بلاک کی آشاورکروں نے گزشتہ چارماہ سے ان کی تنخواہ واگزارنہ کرنے کیخلاف پیرکوکمیونٹی ہیلتھ سینٹرحاجن میں احتجاج کیا۔احتجاجی آشاورکروں نے کہا کہ تنخواہوں کی واگزاری میں تاخیر کی وجہ سے انہیں اوران کے کنبے کوشدیدمالی مشکلات درپیش ہیں۔شمیمہ نامی ایک احتجاجی ورکر نے کہا کہ باربار کی اپیلوں کے باجود ان کے مطالبے کو نظراندازکیا گیااورانہیں سنگین مالی پریشانی کاسامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بانڈی پورہ کے دیگربلاکوں میں آشاورکروں کو ان کے واجبات اداکئے گئے لیکن حاجن بلاک کی آشاورکروں کے حق میں ابھی ان کے واجبات ادانہیں کئے گئے۔انہوں نے مزیدکہا کہ حاجن میں تقریباً250 آشاورکرہیں اور وہ روزانہ کے اخراجات کوپورانہیں کرپارہی ہیں۔ایک اورآشاکارکن نے کہا کہ میں اکیلی ماں ہوںاورمیں بچے کی فیس اداکرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا ، ہم نے اعلی حکام بشمول سی ایم او بانڈی پورہ ، بی ایم او حاجن ،کوآگاہ کیا لیکن ابھی کچھ نہیں کیا گیا ۔آشا کارکن کے ایک اور احتجاج کرنے والے نے کہا کہ آشا کے کارکنوں نے سخت ترین حالات میں تندہی سے خدمات انجام دیں ، صحت سے متعلق خدمات کو یقینی بناتے ہوئے ، سرکاری پروگراموں کو نافذ کیا اور ہنگامی صورتحال کے دوران خوش اسلوبی سے فرایح انجام دیئے۔حلیمہ نامی آشاکارکن نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکن محکمہ صحت عامہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیںاورانہیں بلامعاوضہ چھوڑناناانصافی ہے۔احتجاجی آشاورکروں نے متنبہ کیا کہ اگرانہیں ان کی اجرت ادانہیں کی گئی تووہ کام چھوڑہڑتال کریں گے۔اسبارے میں چیف میڈیکل افسربانڈی پورہ ڈاکٹراشتیاق نائیک نے کہاکہ تاخیرسائبرٹریجری سسٹم میں تیکنیکی مسائل کی وجہ سے ہوئی اور یقین دلایا کہ یہ مسئلہ جلد حل ہوگا۔