عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو جموں میں ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں جموں و کشمیر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور موسمِ سرما کے پیشِ نظر انتظامی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں چیف سیکریٹری اتل ڈولو، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات، اسپیشل ڈی جی (کوارڈی نیشن) ایس جے ایم گیلانی اور آئی جی جموں زون بی ایس توٹی سمیت سول و پولیس انتظامیہ کے متعدد اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایل جی سنہا کو خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، حساس مقامات کی سیکیورٹی، سرمائی موسم کے دوران درپیش چیلنجز، اور انتظامیہ کی مجموعی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران نے ایل جی کو جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے بکھرے ہوئے ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے جاری کارروائیوں، نیٹ ورک کی نشاندہی، اور حالیہ سیکیورٹی اپریشنز کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں خطے میں پائیدار امن برقرار رکھنے اور سیکیورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی میٹنگ، مجموعی سیکورٹی صورتحال کا لیا جائزہ