یو این آئی
سرینگر// سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے انسپکٹر جنرل پون کمار شرما کا کہنا ہے کہ سرینگر اور دیگر علاقوں میں سیکورٹی کے تمام ممکنہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ سی آر پی ایف کے جوان پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعینات ہیں اور وہ فوج اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر اچھی طرح سے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ آئی جی موصوف نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں سی آر پی ایف کی طرف سے منعقد ہونے والے ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا’’گذشتہ تین برسوں سے ہمارے کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے لوگوں میں جوش و خروش بہت بڑھ گیا ہے ۔ 2023کے بعد سے ، نومبر تا دسمبر کرکٹ ایونٹس میں قابل ذکر شرکت دیکھنے میں آئی ہے ‘‘۔ ان کا کہنا تھا’’اس سال 123ٹیموں نے رجسٹریشن کروائی لیکن ان میں سے صرف 16کو ہی ٹورنامنٹ کے لئے جگہ دی جاسکی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے تین اضلاع سری نگر، بڈگام اور گاندربل کی ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیتی ہیں اور ہم دیکھتے ہیں کہ کھلاڑیوں میں جوش و خروش بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال یہ ٹورنامنٹ 22نومبر سے شروع ہوکر 28نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے کہا’’اس کا مقصد یہ ہے کہ ہم کرکٹ کی وساطت سے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کے ساتھ جڑ جائیں‘‘۔ ان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں کرکٹ کا رجحان بڑھ رہا ہے ۔ سرینگر میں سیکورٹی انتظامات کے بارے میں پوچھے جانے پر شرما نے کہا: ‘سرینگر میں سیکورٹی کے بہترین انتظامات ہیں”۔ انہوں نے کہا: ‘ سی آر پی ایف کے جوان پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعینات ہیں اور وہ فوج اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر اچھی طرح سے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں’۔