یو این آئی
سرینگر// پولیس نے اونتی پورہ میں پاکستان اور پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے کام کرنے والے جموں وکشمیر کے شہری کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کردی۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ اونتی پورہ پولیس نے سید آباد پستونہ ترال میں واقع ایک غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جو پاکستان اور پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے سرگرم جموں وکشمیر کے شہری سے تعلق رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس جائیداد کے مالک کی شناخت مبشر احمد ولد غلام نبی ڈار ساکن سید آباد پستونہ ترال کے طور پر کی گئی ہے ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات اور پوچھ تاچھ کے دوران یہ جائیداد مذکورہ شخص کی ملکیت کے طور پر سامنے آئی جس کی اونتی پورہ پولیس نے نشاندہی کی۔انہوں نے کہا کہ مبشر احمد مبینہ طور ہتھیار اور گولہ بارود علاقے میں منتقل کرکے اور مقامی دہشت گرد نیٹ ورکس کو فعال کرکے دہشت گردانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے اور دوبارہ زندہ کرنے میں ملوث رہا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ملی ٹینسی کے خلاف اور اس کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے اونتی پورہ پولیس کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔