عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے اپنے دفتر میں وائبرینٹ ولیجز پروگرام کے تحت ضلع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جامع جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ان دیہات میں ترقیاتی اشاریوں کا مفصل جائزہ لیا گیا جنہیں وائبریٹ ولیجز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران ثقافتی و تاریخی اہمیت، آبادیاتی پروفائل، دستیاب بنیادی ڈھانچے، روزگار کے مواقع میں اضافے اور سیاحت کو فروغ دینے کے پہلوؤں کا تفصیلی تجزیہ پیش کیا گیا۔ ڈی سی نے لوہارکوٹ، کلال، نمبلان، پکھرنی، سر یا، چوکی ہندان سمیت متعدد دیہات میں موجود انفراسٹرکچر اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ان سرحدی دیہات میں سیاحت کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ سیاحت سے متعلق سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے، سیاحوں کے لئے رہائشی سہولیات بہتر بنائی جائیں، دور دراز علاقوں تک سڑک رابطہ مضبوط کیا جائے، اہم سیاحتی مقامات پر معلوماتی و رہنمائی سائن بورڈ نصب کئے جائیں اور ٹرانسپورٹ کی دستیابی کو بہتر بنا کر سیاحوں کی آمد و رفت کو آسان بنایا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ ڈیٹا کی درست اور بروقت اپڈیشن نہایت ضروری ہے تاکہ زمینی حقائق کی بنیاد پر منصوبہ بندی، موثر عملدرآمد اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے تمام ترقیاتی سرگرمیوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں تاکہ ان دیہات کو ثقافت، معاش اور سیاحت کے پررونق مراکز میں تبدیل کیا جا سکے۔اجلاس میں اے ڈی سی سندربنی رامکیش شرما، پی او آئی سی ڈی ایس ہربل سنگھ، ایس ای پی ڈبلیو ڈی تلک راج، سی پی او مقصود احمد، اے سی ڈی عقیل نوید، ایکس ای این پی ڈبلیو ڈی نوسہرا سرور محمود اور ایکس ای این پی ایچ ای نوسہرا نے شرکت کی۔