عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ/جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں دو مختلف واقعات میں فوج کے ایک جے سی او اور ایک اگنی ویر کی موت واقع ہوگئی۔
جے سی او سجییش کے، جو کیرالہ کے رہنے والے تھے، جمعہ کی شام بہرام گلہ کے سیری مستان علاقے میں سرچ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے کہ ایک خطرناک ڈھلوان عبور کرتے وقت پھسل کر گہری کھائی میں جا گرے۔ فوج نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا لیکن وہ موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔ ضروری قانونی و طبی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ان کی میت آبائی علاقے روانہ کر دی گئی۔
وائٹ نائٹ کور نے مہلوک صوبیدار (آپریٹر) سجییش کے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا:
وائٹ نائٹ کور کے جی او سی اور تمام رینک صوبیدار (آپریٹر) سجییش کے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے 21 نومبر کو ایریا ڈومینیشن پٹرول کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔ اس غم کی گھڑی میں ہم سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دوسرے واقعے میں، ایک اگنی ویر اپنی ہی سروس رائفل سے گولی لگنے کے باعث فوراً جاں بحق ہوگیا۔ یہ واقعہ ہفتے کے روز مینڈھر سیکٹر کی ایک پوسٹ پر ڈیوٹی کے دوران پیش آیا۔ حکام کے مطابق یہ اب تحقیق کا موضوع ہے کہ آیا رائفل حادثاتی طور پر چلی یا یہ خودکشی کا معاملہ ہے۔
پونچھ میں الگ الگ واقعات میں آرمی جے سی او اور اگنی ویر جاں بحق