عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دہلی میں 10 نومبر کو ہونے والے جان لیوا کار دھماکے کے تناظر میں ضروری ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام مجرموں اور ان کے معاونین کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ لیکن اسی کے ساتھ یہ بھی اتنا ہی اہم ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں رہنے والے ہر کشمیری کو کسی بھی قسم کی ہراسانی، دھمکی یا امتیازی سلوک سے محفوظ رکھا جائے۔
انھوں نے سماجی رابطہ گاہ ’ایکس ‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت ہند پر لازم ہے کہ وہ مختلف ریاستوں میں کشمیری طلبہ اور تاجروں کو درپیش پریشانیوں اور مسائل کو ختم کرنے کے لیے فوری اور مضبوط اقدامات کرے۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ذمہ داری کے ساتھ رپورٹنگ کرے اور نفرت انگیزی کو ہوا دینے سے گریز کرے۔
بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کچھ عناصر کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں کے لوگوں کے درمیان عدم اعتماد کی خلیج کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ لیکن ایسی صورتحال پر خاموشی کشمیریوں کے خلاف کسی بھی قسم کی دشمنی، بدگمانی یا ہراسانی انہی عناصر کے عزائم کو مضبوط کرتی ہے۔ ہمیں ہر حال میں ایسی صورتحال پر قابو پانے کے فوری اقدامات کرنے ہونگے ۔انھوں نے کہا کہ ہمیں امن، اتحاد اور باہمی احترام کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ دشمنو ں کا ایجنڈا ناکام ہو۔
دہلی کار دھماکہ: مجرموں کو سخت سزا دی جائے، کشمیریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے:الطاف بخاری