عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی شیو راج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے ریاست میں منریگا کے تحت دیے جانے والے روزگار کے دنوں کی تعداد بڑھا کر 150 کر دی ہے، تاکہ قدرتی آفت سے متاثرہ دیہی علاقوں میں روزگار کے تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہامیں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر دیہی ترقی شیو راج سنگھ چوہان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے جموں و کشمیر میں منریگا کے تحت یومیہ روزگار کی تعداد 150 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے قدرتی آفت سے متاثرہ دیہی علاقوں میں لوگوں کے ذریعہ معاش کو مضبوطی ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کی 1962 پنچایتیں سیلاب سے متاثرہ قرار دی گئی تھیں، جس کا روزگار پر منفی اثر پڑا۔ حکومتِ ہند سے خصوصی ریلیف کی درخواست کی گئی تھی اور آج کا فیصلہ کمزور دیہی خاندانوں کو مستحکم آمدنی فراہم کرے گا، معاشی پریشانی کم کرے گا اور پائیدار اثاثے تشکیل دے گا۔
اس سے قبل وزارت زراعت و کسان بہبود نے سفارش کی تھی کہ 2025-26 کے مالی سال کے لیے سیلاب/بادل پھٹنے/لینڈ سلائیڈ جیسی قدرتی آفت سے متاثرہ جموں و کشمیر کے علاقوں میں منریگا کے تحت خاندانوں کو اضافی 50 دن کا روزگار مہیا کیا جائے۔قدرتی آفت کے سبب عوامی کاموں پر روزگار کی طلب میں اضافے کے پیش نظر، مہاتما گاندھی نریگا ایکٹ کی دفعہ 3(4) کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے لیے جموں و کشمیر کے متاثرہ دیہی علاقوں میں ہر خاندان کو 100 دن کے علاوہ مزید 50 دن تک روزگار فراہم کیا جائے۔
مرکزی سرکار کی جانب سے جموں و کشمیر میں منریگا کے تحت یومیہ روزگار کی حد 150دن تک بڑھانے کی منظوری