محتشم احتشام
پونچھ//حویلی پونچھ کے معروف عوامی نمائندے اور ایم ایل اے اعجاز احمد جان نے جمعہ کو اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے حوالہ سے لورن اور ساوجیاں کا ہنگامی دورہ کیا۔ قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ ان کی والدہ عتیقہ جان ان دنوں سخت علیل ہیں اور جموں کے سپر اسپیشلٹی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جہاں مختلف سیاسی، سماجی اور غیر سیاسی شخصیات عیادت کے لئے مسلسل پہنچ رہی ہیں۔ اس ذاتی پریشانی اور مشکل حالات کے باوجود اعجاز احمد جان کا عوام میں آنا ان کی علاقے سے گہری وابستگی اور عوامی مسائل کے تئیں سنجیدگی کا مظاہرہ سمجھا جا رہا ہے۔لورن اور ساوجیاں پہنچنے پر عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور فلک شگاف نعروں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔اس موقع پر ایم ایل اے اعجاز جان نے لورن کی ایک دیرینہ مانگ لورن تا ترکھانا روڈ کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ سڑک 8.25 کلو میٹر طویل ہوگی اور اس پر 18 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ اسی طرح ساوجیاں گگڑیاں تا یو کھیت روڈ جس کی لمبائی 7 کلو میٹر ہے، اس منصوبے کا بھی باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس منصوبے کی تخمینی لاگت 16 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔اپنے خطاب میں اعجاز احمد جان نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مخالفین پر ہلکے پھلکے طنزیہ جملے بھی کہے اور اپنا مشہور فقرہ دہراتے ہوئے کہاایک بلاک پنچ سڑکیں اور پانچ بلاک پچیس سڑکیں پوری ہو رہی ہیں، اور بہت جلد اس سے بھی بڑے منصوبے اپنی عوام کے لئے لے کر آرہا ہوں۔عوام نے زبردست جوش و خروش کے ساتھ اپنے محبوب لیڈر کے حق میں نعرے بلند کئے جبکہ آخر میں شرکاء نے موصوف کی والدہ عتیقہ جان کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔