ضابطہ کے مطابق متاثرین کی مدد ہوگی۔ ایس ڈی ایم رامسو
محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کی تحصیل رامسو کے دور دراز پہاڑی علاقہ باٹدار زراڈی نیل میں جمعہ کی صبح آگ کی ایک ہولناک واردات میں دو رہائشی مکان مال و اسباب سمیت جل کر رکھ ہوگئے ہیں جس میں دو رہائشی مکانات مکمل طور سے تباہ ہوئے ہیں جبکہ ایک رہائشی مکان کو جزوی نقصان پہنچا ۔ مقامی لوگوں نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نیل کا رزاڈی علاقہ ایک شعر افتادہ پہاڑی علاقہ ہے اور جائے واقع سڑک سے بہت دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں کوئی فائر سٹیشن نہ ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور گاؤں والوں نے محدود وسائل کے ساتھ خود ہی آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم آگ کافی دیر تک بے قابو رہی اور قریبی مکانات تک پھیلنے لگی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد پولیس ، بانہال سے فائر سروس اور نیل ٹاپ سے فوج کی ٹیمیں بچاؤ کیلئے پہنچ گئیں اور انہوں نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا اور ساتھ والے مکانوں کو آگ کی لپیٹ میں آنے سے بچا لیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس واردات میں محمد الیاس اور محمد سلیم نامی دو بھائیوں کے دو اور تین منزلہ رہائشی مکان مکمل طور سے خاکستر ہوئے ہیں جبکہ ایک رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا آگ کی اس واردات میں متاثرین اپنے گھروں سے کچھ بھی نہیں نکال پائے اوروہ تن پر لگے کپڑوں کو ہی بچا سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کنبوں کا تمام آناج ، بستر ، کپڑے ، نقدی اور دیگر ضروریات زندگی آگ کی اس ہولناک واردات میں ختم ہوگیا ہے ۔ورادت کی اطلاع کے بعد ایس ڈی ایم رامسو سید مظاہر ، ایس ایچ او رامسو اور دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔ ایس ڈی ایم رامسو سید مظاہر نے بتایا کہ اگ متاثرین کو ضابطہ کے مطابق ہر ممکن مدد کی جائے گی اور فی الحال ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان کی ہدایت پر متاثرین میں راشن اور کمبل وغیرہ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور انتظامیہ کیطرف سے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی کوشش ہوگی۔