عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سیکورٹی کو مضبوط بنانے اور صحت کے اداروں میں محفوظ اور ذمہ دار ماحول کو بر قرار رکھنے کے لئے گاندربل پولیس نے ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کے لاکروں کی اچانک جانچ کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ جانچ مہمیں پولیس ٹیموں نے ہسپتال انتظامیہ کے تعاون سے انجام دیں تاکہ شفافیت اور سیکورٹی پروٹوکال پر صحیح عملدر آمد کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد ہسپتال کے احاطے کے غلط استعمال کی روک تھام کو یقینی بنانا، غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانا اور ادارہ جاتی نظم و نسق کو مضبوط کرنا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ جانچ کے دوران تمام لاکروں اور عملے کے اسٹوریج مقامات کی مکمل تلاشی لی گئی۔
انہوں نے کہا کہ طبی اور نیم طبی عملے کو سیکورٹی کی اہمیت، مشکوک سرگرمیوں کی بر وقت اطلاع دینے اور ہسپتال کے مقامات کے غلط استعمال کو روکنے کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔گاندربل پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی اداروں کے تحفظ اور مریضوں، تیمار داروں اور صحت کے پیشہ ور افراد کے لئے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لئے آئندہ بھی ایسی جانچ مہمیں جاری رہیں گی۔انہوں نے تمام ہسپتال عملے سے اپیل کی کہ وہ ایسے اقدامات میں تعاون کریں اور کمیونٹی کی وسیع تر حفاظت کے لئے سیکورٹی ہدیات پر عمل کریں۔
پولیس نے گاندربل کے مختلف ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کے لاکروں کی اچانک جانچ کی