محمد تسکین
بانہال/ضلع رام بن کی تحصیل رامسو کے دورافتادہ گاؤں زریدی نیل میں جمعہ کی صبح تقریباً ساڑھے دس بجے ایک بھیانک آگ بھڑک اُٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی رہائشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ پہاڑی علاقہ انتہائی دور دراز ہے اور یہاں فائر سٹیشن کی عدم موجودگی کے باعث آگ بجھانے کے اقدامات میں شدید رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی باشندے اپنی مدد آپ کے تحت محدود وسائل کے ساتھ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا اور شعلے مسلسل قریبی گھروں تک پھیل رہے ہیں۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کم از کم چار مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔اس دوران پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہیں۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
رامسو کے گاؤں زریدی نیل میں بھیانک آتشزدگی ، متعدد رہائشی مکانات کو نقصان