عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے)نے جمعرات کو 3 ڈاکٹروں اور ایک مبلغ کو باضابطہ طور پر اپنی تحویل میں لے لیا جنہیں لال قلعہ کے باہر 10 نومبر کو ہوئے کار دھماکے کے سلسلے میں ابتدائی طور پر گرفتار کیا گیا تھا، جس میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے۔مزمل گنائی، عدیل راتھر اور شاہینہ سعید کے ساتھ ساتھ مولوی عرفان احمد وگے کو جموں و کشمیر پولیس نے دھماکے کے بعد گرفتار کیا تھا۔این آئی اے کے ایک ترجمان نے کہا، ان سب نے حملے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا جس میں کئی بے گناہ لوگ مارے گئے اور بہت سے دوسرے زخمی ہوئے۔ ان کی تحویل این آئی اے کو منتقل ہونے کے بعد، جس نے 11 نومبر کو اس کیس کو باضابطہ طور پر سنبھالا، وفاقی ایجنسی کے ذریعہ گرفتار کیے گئے لوگوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔این آئی اے پہلے ہی دو لوگوں عامر رشید اور جاسر بلال وانی عرف دانش کو گرفتار کر چکی ہے۔ڈاکٹر عمر النبی، جو دھماکہ خیز مواد سے بھری i20 کو چلا رہے تھے، نے مبینہ طور پر عامرکے نام سے گاڑی خریدی تھی۔ جاسر کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب یہ بات سامنے آئی کہ عمر اسے خودکش بمبار بننے پر راضی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسے قائل نہیں کیا گیا لیکن الزام ہے کہ اس نے ممنوعہ جیش محمد کے لیے اوور گرانڈ ورکر کے طور پر حصہ لینے پر رضامندی ظاہر کی۔جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ مبینہ طور پر ایک وائٹ کالر ملی ٹینسی ماڈیول کے مرکز میں تھے، جسے جموں و کشمیر پولیس نے اتر پردیش اور ہریانہ میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بے نقاب کیا تھا۔ تحقیقات کے نتیجے میں فرید آباد کی الفلاح یونیورسٹی پہنچی جہاں سے 2,900 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔یہ سب معاملہ 18-19 اکتوبر کی درمیانی رات کو شروع ہوا، جب ممنوعہ جیش محمد کے پوسٹر سرینگر شہر کے بالکل باہر دیواروں پر آ گئے۔ پوسٹروں میں وادی میں پولیس اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کی وارننگ دی گئی تھی۔سرینگر پولیس نے اس معاملے کو صرف ایک واقعہ کے طور پر نہیں بلکہ ایک سنگین مسئلہ کے طور پر دیکھنے کا فیصلہ کیا اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(سرینگر)جی وی سندیپ چکرورتی نے کیس کی گہرائی میں جانے کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دیں۔تین افراد عارف نثار ڈار عرف ساحل، یاسر الاشرف اور مقصود احمد ڈار عرف شاہد کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں پوسٹرز چسپاں کرتے ہوئے دکھایا جانے کے بعد گرفتار کیا گیا۔پوچھ گچھ کے دوران، انہوں نے شوپیان سے تعلق رکھنے والے سابق پیرامیڈک مبلغ مولوی عرفان احمد کا نام لیا جس نے پوسٹرز فراہم کیے تھے۔ جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ یہ ان کی پوچھ گچھ تھی جو آخر کار تفتیش کاروں کو الفلاح یونیورسٹی اور کشمیری ڈاکٹروں کے گروپ تک لے گئی۔ گرفتار ہونے والا پہلا شخص فرید آباد سے مزمل گنائی تھا۔ پھر سعید اور اسکے بعد عدیل راتھر کو اتر پردیش کے سہارنپور سے اٹھایا گیا۔