اشتیاق ملک
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا نے اے ایس پی ہیڈ کوارٹر اور ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر کے ہمراہ پولیس ٹیشن ڈوڈہ میں تھانہ دیوس کی صدارت کی۔ یہ پروگرام پولیس و عوام کے تعاون کو مضبوط بنانے اور کمیونٹی پر مبنی پولیسنگ کو یقینی بنانے کے مقصد سے ضلع بھر میں عوامی رسائی اور شکایات کے ازالے کے اقدام کا ایک حصہ ہے۔بات چیت کے دوران عوام نے کئی مسائل اٹھائے جن میں ٹریفک کی بھیڑ اور لنک سڑکوں پر اوور لوڈنگ، قصبے کے اندر ای۔رکشاوں کی بے قابو زیادتی، ناکہ پوائنٹس پر گاڑیوں کی جانچ، اور پولیس اسٹیشنوں کے ذریعے کرایہ داروں کی تصدیق شامل تھی۔ایس ایس پی ڈوڈہ نے تمام شکایات کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ ان مسائل کا متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لنک سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مختلف مقامات پر خصوصی ناکے قائم کیے جا رہے ہیں۔ ڈوڈہ میں ای۔رکشاؤں کے تیزی سے بڑھنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تمام ای۔رکشا ڈرائیوروں کے لائسنس چیک کیے جا رہے ہیں، اور کسی بھی کم عمر یا بغیر لائسنس والے ڈرائیور کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ایس ایس پی نے اس بات پر زور دیا کہ تھانہ دیوس شہریوں کے ساتھ براہ راست رابطے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے، جو عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور پولیسنگ میں شفافیت اور جوابدہی کو بڑھانے کے قابل بناتا ہے۔