عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شوپیاں میں ایک تیزرفتار ٹپر کی زد میں آکر ایک نوجوان لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ادھر سری نگرمیں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کی زدمیں آکر ایک راہگیرلقمہ اجل بن گیا جبکہ کولگام ضلع میں 2دنوںمیں رونما ہوئے دوسرے المناک واقعے میں ایک ترکھان ایک اسکولی عمارت کی چھت سے گرنے کے بعد دم توڑ گیا۔شوپیاں ضلع کے آرہامہ علاقے میںSBGMپیرمیڈیکل اینڈنرسنگ کالج کے قریب جمعرات کی دوپہرسڑک حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹپرزیر رجسٹریشن نمبرJK13E-3014نے ایک نوجوان لڑکی کو کچل ڈالا ۔ تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ دوشیزہ سڑک کے کنارے چل رہی تھی یا سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔مقامی باشندوں نے موقع پر پہنچ کرخون میں لت پت لڑکی کو نکالا تاہم وہ پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکی تھی۔مہلوک دوشیزہ کی شناخت روزی جان دخترمحمدیوسف ساکنہ چتراگام کلاں شوپیان کے طور پر کی گئی ہے۔ادھر سری نگر پولیس نے تلبل اڈہ پر ایک جان لیوا ٹکر مارنے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت کیلئے تلاش شروع کر دی ہے، جہاں کنگن کا ایک پیدل چلنے والا تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے زخمی ہو کر چل بسا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن نگین کو تلبل اڈہ میں ہٹ اینڈ رن کے واقعہ کی اطلاع ملی، جہاں ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک راہگیر عبدالرشید گوجری ولد عبدالرحمان گوجری ساکنہ کنگن کو ٹکر مار دی ۔ موٹر سائیکل سوار واقعہ کے فوری بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی راہگیر کو طبی امداد کے لیے سکمزصورہ منتقل کر دیا گیا۔ تاہم بعد میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس ترجمان نے مزیدکہاکہ تفتیش کے دوران آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا گیا، اور مشتبہ موٹر سائیکل سوار کی تصویر حاصل کی گئی، اس سلسلے میں عوام الناس سے درخواست ہے کہ وہ تصویر میں دکھائے گئے فرد کی شناخت میں مدد کریں۔اس دوران کولگام ضلع میں دودنوںمیں ایک ہی طرح کے دوسرے واقعے میں ایک ترکھان ایک اسکولی عمارت کی چھت سے گرنے کے بعد دم توڑ گیا۔حکام نے بتایا کہ ایک40 سالہ ترکھان شاہنواز احمد بٹ ولد گل محمد بٹ ساکن کھربڑی ، بلسوکولگام میں ایک اسکول کی عمارت کی چھت سے گرنے کے بعد دم توڑ گیا۔ وہ کام کرتے ہوئے پھسل گیا اور اسے شدید چوٹیں آئیں۔ اسے ضلع اسپتال کولگام منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔اسے پہلے بدھ کو ایسے ہی ایک واقعے میں 55سالہ ترکھان بشیر احمد ٹھوکر ولد گل محمد ٹھوکر نانی بگ میںزیر تعمیر مسجد سے گر کر لقمہ اجل بنا تھا۔ادھرکھر یو پانپور کے تربیتی مرکز (بی ٹی ایس) میں تعینات ایک فورسز اہلکار ٹریننگ سیشن کے دوران گرنے سے از جاں ہو گیا ۔ حکام کے مطابق رائفل مین منوج کمار اپادھیائے کھریو میں قائم تربیت مرکز میں اچانک بے ہوش ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ فوجی اہلکار کو فوری طور پر یونٹ کے ایم آئی روم میں منتقل کیا گیا اور بعد ازاں 92 بیس اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ ادھر سرینگر کے ٹی آر سی علاقے سے عدم شناخت لاش برآمد ہوئی ہے۔حکام کے مطابق مقامی لوگوں سے اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ نعش کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، اور فی الحال شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ موت کی شناخت اور وجہ معلوم ہونے کے بعد مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔