یو این آئی
جکارتہ//انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں واقع آتش فشاں مانٹ سیمیرو پھٹنے کے بعد لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حکام نے 900 سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا ہے اور 170 کوہ پیما کو بھی بحفاظت واپس لانے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاوا جزیرے پر سیمیرو کے 10 بار پھٹنے کے بعد الرٹ کو بلند ترین سطح پر برقرار رکھا گیا تھا۔ انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں آتش فشاں پھٹنے کے بعد راکھ کا بڑے پیمانے پر اخراج ہوا۔حکام کا کہنا ہے کہ آتش فشاں پھٹنے کے بعد مقامی لوگوں کو ریسکیو کرکے عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔رپورٹس کے مطابق آتش فشاں سے تقریبا 6.4 کلومیٹر دور ایک جھیل کے کنارے کوہ پیما کیمپنگ ایریا میں رات بسر کررہے تھے، آتش فشاں کے دھماکے سے تمام کوہ پیما پھنس گئے تھے جنہیں محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کے لیے اقدامات کئے گئے۔مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ 3 ہزار 676 میٹر اونچا مانٹ سیمیرو انڈونیشیا میں تقریبا 130 فعال آتش فشاں میں سے ایک ہے جس نے پیسیفک رنگ آف فائر کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔