عظمیٰ ویب ڈیسک
گاندربل/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ جموں و کشمیر، محبوبہ مفتی نے جمعرات کو بابانگری وانگت کنگن کا دورہ کیا جہاں انھوں نے دہلی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بلال احمد سانگو کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہارکیا ۔ محبوبہ مفتی نے غم زدہ خاندان سے ملاقات کی، ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔میڈیا سے گفتگو کے دوران محبوبہ مفتی نے اس واقعے کو افسوسناک اور دل دہلا دینے والا قرار دیا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے کیونکہ وہ انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ کسی بھی واقعے میں چند افراد کے ملوث ہونے کا یہ مطلب نہیں ہونا چاہیے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اجتماعی سزا دی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دہلی دھماکے کے بعد بے گناہ کشمیریوں کو ملک کے مختلف حصوں میں ہراساں کرنے، ڈرانے یا امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔
محبوبہ مفتی نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ کشمیری طلبہ، مزدوروں اور دیگر افراد کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے جوملک کی مختلف حصوں میں مقیم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اس مسئلے کو وزیر اعظم اور وزیرِ داخلہ کے سامنے اٹھائیں گے تاکہ کشمیریوں کے حقوق، سلامتی اور وقار کو یقینی بنایا جا سکے۔
’کشمیریوں کو اجتماعی طور پر سزا نہ دی جائے‘: محبوبہ مفتی