عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کو بتایا کہ دلی دھماکہ کیس میں ملوث مزید چار اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے ساتھ ہی اس کیس میں گرفتار افراد کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
این آئی اے کے ترجمان نے جاری ایک بیان میں کہا کہ چاروں ملزمان کو سری نگر میں ڈسٹرکٹ سیشنز جج، پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی جانب سے جاری احکامات کے تحت حراست میں لیا گیا۔بیان کے مطابق این آئی اے نے جن ملزمان کی شناخت کی ہے، ان میں ڈاکٹر مزمل شکیل گنائی (پلوامہ)، ڈاکٹر عدیل احمد راتھر (اننت ناگ)، ڈاکٹر شاہین سعید (لکھنؤ) اور مفتی عرفان احمد وگے (شوپیاں) شامل ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان تمام افراد نے اس دہلی کار دھماکے میں اہم کردار ادا کیا جس میں کئی بےگناہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
کیس کی تفتیش میں تیزی سے پیش رفت کرتے ہوئے این آئی اے نے اس سے قبل دو دیگر ملزمان عامر رشید علی، جس کے نام پر دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی رجسٹرڈ تھی، اور جاسر بلال وانی عرف دانش، جس نے ملی ٹینٹوں کو تکنیکی مدد فراہم کی تھی کو گرفتار کیا تھا۔مزید کہا گیا کہ ان کی پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ کیس RC-21/2025/NIA/DLI میں حملےکی مکمل سازش کو بے نقاب کیا جا سکے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے واقعے کے فوری بعد تفتیش سونپے جانے کے بعد این آئی اے مختلف ریاستوں کی پولیس کے ساتھ مل کر مذکورہ گروہ کے ہر رکن کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے سرگرم ہے۔
دہلی دھماکہ کیس : این آئی اے نے مزید چار اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا