عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن /جموں و کشمیر کے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ رام بن سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ فینسنگ اسٹار صوفیان وحید سوحیل نے نئی دہلی کے آئی جی اسٹیڈیم میں منعقدہ 36ویں سینئر نیشنل فینسنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی کیٹیگری میں ’’برونز‘‘اور ٹیم ایونٹ میں ’’سلور میڈل‘‘جیتا ہے۔یہ کارکردگی سال 2025 میں اُن کے ’’پانچویں میڈل‘‘کے طور پر درج ہوئی ہے۔ بھارت کے ٹاپ رینکڈ سینئر فینسرز کے خلاف کھیلتے ہوئے سوفیان نے بھرپور مہارت اور اعتماد کا ثبوت دیا۔
17 نومبر سے شروع ہونے والے انفرادی مقابلوں میں انہوں نے پول راؤنڈ میں 6 میں سے 4 میچ جیت کر راؤنڈ آف 64میں جگہ بنائی۔ بعد ازاں انہوں نے شاندار فتوحات حاصل کیںجو درج ذیل ہیں:
راؤنڈ آف 64 میں اتراکھنڈ کے سینئر فینسر کو06-15سے شکست
راؤنڈ آف 32 میں چندی گڑھ کے ایتھلیٹ کو 07-15سے شکست
پری کوارٹر فائنل میں پنجاب کے سرفہرست فینسر کو 10-15سے مات
کوارٹر فائنل میں پنجاب کے اسٹار فینسر اُدھویرویر سنگھ کو12-15سے شکست
اس شاندار کھیل کے ساتھ انہوں نے جموں و کشمیر کے لیے برونزمیڈل یقینی بنایا۔ سیمی فائنل میں وہ ایس ایس سی بی (آرمی) کے ٹاپ رینکڈ گولڈ میڈلسٹ سے سخت مقابلے کے بعد فائنل میں جگہ بنانے سے محروم رہے۔ٹیم ایونٹ میں بھی صوفیان نے اپنی بہترین کارکردگی برقرار رکھی اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں—اجے کمار، شِوَانش کپور اور ساعِد الرحمٰن کے ساتھ مل کرسلور میڈل حاصل کیا۔
مسلسل قومی و بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کے باوجود صوفیان کو اب تک ادارہ جاتی تعاون حاصل نہیں ہو سکا ہے۔ ایک اُبھرتے ہوئے اولمپک امیدوار ہونے کے باوجود انہیں ضلع انتظامیہ یا پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کوئی شناخت نہیں ملی، حالانکہ وہ پولیس کانسٹیبل وحید سوہیل کے فرزند ہیں۔
صوفیان اس سے قبل بھی خطے کا نام روشن کر چکے ہیں، جن میں 2024 میں نیوزی لینڈ میں بھارت کے لیے برونز میڈل، 38ویں نیشنل گیمز 2025 میں دو سلور میڈل، ورلڈ یونیورسٹی گیمز، جرمنی (جولائی 2025) میں بھارتی دستے کی قیادت شامل ہیں۔صوفیان وحید کی کامیابیاں نہ صرف رام بن بلکہ پورے جموں و کشمیر کے لیے قابلِ فخر ہیں۔
رام بن کے صوفیان وحید کی شاندار کارکردگی،36ویں سینئر نیشنل فینسنگ چیمپئن شپ میں برونز اور سلور میڈل اپنے نام کئے