عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/بدھ کی دیر رات جموںاَکھنور بائی پاس پر گرہا پٹن کے موڑ کے قریب اس وقت دلخراش حادثہ پیش آیا جب ایک تیز رفتار تھار گاڑی نے اسکوٹی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں سکوٹی پر سوار دونوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں افراد اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے۔پولیس کے مطابق اسکوٹی زیررجسٹریشن نمبر JH02AH 8446کو 60 سالہ اشوک کمار ولد مرحوم کیسر رام چلا رہے تھے، جبکہ 42 سالہ ترسیم لال ولد مرحوم چنی لال پچھلی نشست پر سوار تھے۔ دونوں کا تعلق گرہا پٹن سے تھاوہ دونوں اپنے گاؤں کی طرف جا رہے تھے کہ اسی دوران جموں سے اَکھنور کی سمت آنے والی ایک تھار گاڑی زیر نمبر JK11G 3000نے مبینہ طور پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث انہیں ٹکر مار دی۔
ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا کہ تھار کے ڈرائیور انتہائی غیر ذمہ دارانہ انداز میں گاڑی چلا رہا تھا جس کے نتیجے میں دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔ مقامی لوگوں نے انہیں فوری طور پر سب ضلع اسپتال اَکھنور منتقل کیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔پولیس کے مطابق تھار ڈرائیور گاڑی موقع پر چھوڑ کر رفوچکر ہوگیا۔ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور مفرور ڈرائیور کی شناخت و گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔