عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں گل سید نے گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی، ضلع راجوری میں ’’فروٹ/ویجیٹل ویلیو ایڈیڈ پروڈکٹس‘‘ کے ایک ماہ کے سرٹیفکیٹ کورس کی کامیاب تکمیل پر اٹھہترشرکاء و طلباء میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فاروق احمد، کالج فیکلٹی اراکین، چیف ہارٹی کلچر آفیسر راجوری ششیل انگورانہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سنیل گپتا، ڈسٹرکٹ ہارٹی کلچر آفیسر شفقت حسین خان، سبجیکٹ میٹر اسپیشلسٹ ارشد جمیل اور منیجر کم کیمسٹ امیت شرف بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر ہارٹی کلچر نے کالج انتظامیہ اور محکمہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کورس نوجوانوں کو ہنر مند بنانے، ویلیو ایڈیشن، پروسیسنگ اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید باغبانی تکنیکوں اور ویلیو ایڈیشن یونٹس کے ذریعے نوجوانوں کیلئے وسیع میدان موجود ہے۔تقریب کے بعد ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں اور ان کی ٹیم نے چرونگ تھنہ منڈی میں چیف ہارٹی کلچر آفیسر و دیگر ملازمین کی جانب سے ایم آئی ڈی ایچ اسکیم کے تحت منعقدہ بیداری کیمپ میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے مختلف سرکاری اسکیموں، خصوصاً باغبانی کے فروغ، نرسریوں کی ترقی، الٹرا ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن اور محفوظ کاشت کاری کے فوائد سے لوگوں کو آگاہ کیا۔بعد ازاں ڈائریکٹر نے چیف ہارٹی کلچر آفیسر راجوری اور ضلع کے تمام اسٹاف کے ساتھ جائزہ میٹنگ بھی کی جس میں جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسکیموں کو مقررہ وقت میں نافذ کیا جائے تاکہ کسانوں اور باغبانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔