یو این آئی
نئی دہلی// زیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے 108 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔اس دوران بدھ کی صبح ان کی نئی دہلی واقع آخری رام گاہ ’شکتی استھل‘ پر ایک خصوصی تقریبِ یادگار منعقد کی گئی، جہاں کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے ان کی خدمات اور وراثت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سمیت متعدد سینئر رہنما موجود تھے۔تقریب میں اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) کے سی وینوگوپال اور دیگر مرکزی و ریاستی سطح کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ رہنماؤں نے اندرا گاندھی کی آخری آرام گاہ پر پھول چڑھائے اور خاموشی اختیار کرتے ہوئے انہیں قوم کی تعمیر، قومی سلامتی اور عالمی وقار کی بحالی کے لیے ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔کانگریس نے اس موقع کو ’تقریبِ یاد‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اندرا گاندھی کا یومِ پیدائش نہ صرف ایک تاریخی لمحہ ہے بلکہ ہندوستانی سیاست میں ان کی مضبوط قیادت اور فیصلہ کن کردار کو یاد کرنے کا دن بھی ہے۔ پارٹی کے مطابق اندرا گاندھی کا سیاسی سفر ہندوستان کی خودمختاری، خودکفالت اور قومی عزم کی علامت رہا۔
کانگریس نے کہا کہ اندرا گاندھی کی وراثت آج بھی پارٹی کے نظریاتی سفر اور سیاسی مزاحمت کا بنیادی ستون ہے اور ان کے دکھائے ہوئے راستے نئی نسل کو مسلسل حوصلہ اور رہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔