عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ میں بدھ کی صبح آتشزدگی کے ایک واقعے میں ڈویژنل فارسٹ آفس (ڈی ایف او) کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح ڈویژنل فارسٹ آفس ٹنگمرگ کی عمارت میں آگ لگ گئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمر جنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے سے متعلق اطلاع موصول ہونے کے فوراً بعد فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گرچہ آگ کو قابو میں کر لیا گیا تاہم عمارت کو شدید نقصان پہنچنے سے نہ بچایا جا سکا۔ان کا کہنا ہے کہ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔
ٹنگمرگ آتشزدگی میں ڈی ایف او عمارت خاکستر