علاقہ معززین کا اجلاس ،عمارت کی منتقلی میں سیاسی مداخلت کی مذمت ،یادداشت بھی پیش
جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کے دور افتادہ اور پہاڑی علاقے بھاٹہ دھوڑیاں میں ایک اہم عوامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں پنچایت سنگیوٹ، چنڈیال، ناڑ سموتی اور بھاٹہ دھوڑیاں کے سرپنچوں، پنچوں، معزز شہریوں، سماجی کارکنوں اور دیگر ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد گزشتہ کئی برسوں سے التوا میں پڑے نیابت بلڈنگ کے سنگین مسئلے پر رائے مشورہ کرنا اور ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا تھا، تاکہ علاقہ مکینوں کی دیرینہ مانگ کو عملی شکل دی جا سکے۔اجلاس میں شامل تمام شرکاء نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ نیابت عمارت کی تعمیر کا معاملہ طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے جس کی وجہ سے چاروں پنچایتوں سے تعلق رکھنے والے عوام کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شرکاء نے واضح طور پر کہا کہ نیابت بلڈنگ کے لئے مجوزہ مقام بھاٹہ دھوڑیاں ایک مرکزی جگہ ہے جو جغرافیائی اعتبار سے بھی سبھی عوام کے لئے آسان رسائی فراہم کرتی ہے۔
مقامی باشندوں نے کہا کہ اگر عمارت مجوزہ مقام پر تعمیر کی جاتی ہے تو غریب عوام کو سرکاری دفاتر تک لمبی مسافت طے کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور انہیں بنیادی سہولیات اپنی دہلیز پر میسر آ سکیں گی۔اجلاس کے دوران کچھ سیاسی عناصر کی جانب سے اس منصوبے کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی مبینہ کوششوں پر بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نیابت بلڈنگ کے مقام کو تبدیل کرنے کی کوششیں عوامی مفاد کے منافی ہیں اور ان کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے میں کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت قابل قبول نہیں ہوگی اور عوام اپنے حق کے لئے متحد ہو کر کھڑے رہیں گے۔ شرکاء نے کہا کہ بھاٹہ دھوڑیاں جیسے حساس اور حد متارکہ کے قریب واقع علاقے کو جدید سرکاری سہولیات کی فوری ضرورت ہے، جسے کسی بھی قیمت پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔شرکاء نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نیابت بلڈنگ کی تعمیر نہ صرف انتظامی آسانی فراہم کرے گی بلکہ عوام کو بھی ذہنی اور مالی دونوں سطحوں پر بڑا ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کو اس اہم مسئلے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں، کیونکہ یہ عمارت چاروں پنچایتوں کی مشترکہ ضرورت ہے۔اجلاس کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد (ریزولوشن) پاس کی گئی جسے بعد میں نائب تحصیلدار بھاٹہ دھوڑیاں کے حوالے کیا گیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ نیابت بلڈنگ کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے اور عوام کی خواہشات کے مطابق مجوزہ مقام کو ہی برقرار رکھا جائے۔ علاقہ مکینوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اس عوامی ضرورت کی تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور اس مسئلے کے حل تک اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔عوامی نمائندوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر اس دیرینہ مطالبے کو پورا نہ کیا تو لوگ بڑے پیمانے پر احتجاجی حکمت عملی پر غور کریں گے، کیونکہ نیابت بلڈنگ کی فوری تعمیر وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔