عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//پہلگام میں بندروں اور ریچھوں نے لوگوں کا جینا حرام کردیا ہے جبکہ بندر گھروں میں گھس کر سامان کو تہس نہس کرتے ہیں۔ پہلگام علاقے میں بندروں اور ریچھوں نے لوگوں کی نیندیں حرام کرکے رکھ دی ہیں۔ ضلع اننت ناگ کے پہلگام میں بندروں کی تعداد اس قدر بڑھ گئی ہے کہ لوگ ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف کا کہیں اَتہ پتہ نہیں ہے اور نا ہی وہ ان بے لگام بندروں کو قابو کرنے کیلئے کوئی اقدام اُٹھارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بندروں کی تعداد اس قدر بڑھ گئی ہے کہ وہ لوگوں کے گھروں میں گھس کر وہاں موجود سامان کو تہس نہس کرکے جو چیز پسند آئے اس کو اپنے ساتھ اُٹھاکے لے جاتے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق بندرو ں اور دیگر جنگلی جانوروں کی ہڑبونگ کی وجہ سے لوگ اب ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ لوگوں نے کہا کہ وہ گھروں میں پہرہ دینے سے بھی کتراتے ہیں کیوں کہ ایک یا دو اشخاص کا گھر میں پہرہ دینا کسی خطرے سے خالی نہیں اور اس سے جان کاخطرہ بھی بڑھ جاتا ہے اور اکثر گائوں والے آٹھ دس افراد پر مشتمل ٹولیوں میں ٹین بجابجاکر بندروں کو گھروں اور دکانوں سے دور رکھتے ہیں۔لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کی سنگینی کو سمجھ کر بندروں اور ریچھوں کو قابو کرنے کیلئے اقدامات ا ٹھائیں۔