جاوید رانا
مینڈھر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امور، جاوید احمد رانا نے مینڈھر میں متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور مختلف کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا، جن کا مقصد شہری انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا، رابطہ کاری میں بہتری لانا اور خطے میں ایکو ٹورزم کو فروغ دینا ہے۔وزیر موصوف نے مینڈھر ٹاؤن ڈرینج اپ گریڈیشن پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا، جس کی لاگت 50 لاکھ روپے ہے اور یہ یو ٹی کیپییکس بجٹ کے تحت 10.15 کروڑ روپے کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ٹاؤن کے نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرے گا، صفائی ستھرائی کو بہتر بنائے گا، سیلاب سے بچاؤ کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا اور عوامی صحت کے معیار کو بلند کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت عوامی سہولیات کے معیاری اور بروقت اجراء کے لئے پْرعزم ہے۔جاوید رانا نے 12ویں کلو میٹر سے محلہ پمڑہ زیارت تک نئی تعمیر شدہ سڑک کا بھی افتتاح کیا، جسے نبارڈکے تحت 319.91 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک مقامی آبادی کے لئے سفر کو آسان بنائے گی، دور دراز بستیوں تک رسائی بہتر کرے گی اور زیارت تک رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنائے گی۔ وزیر موصوف نے متعلقہ ایجنسی کی کاوشوں کو سراہا اور افسران کو سڑک کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت اس بات پر مکمل طور پر کاربند ہے کہ دور افتادہ علاقوں کو ترقی کا پورا حق دیا جائے۔بعد ازاں وزیر موصوف نے جڑانوالی گلی میں 45 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ریسٹ ہاؤس کا سنگِ بنیاد بھی رکھا، جس میں ایم ایل اے سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم بھی موجود تھے۔ یہ نیا ریسٹ ہاؤس ایکو ٹورزم کو فروغ دے گا، زائرین کو بہتر رہائش کی سہولت دے گا اور محکمہ جنگلات کی کارکردگی میں اضافہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل کے تحفظ کو بھی اولین ترجیح دے رہی ہے۔جاوید رانا نے افسران پر زور دیا کہ جاری منصوبوں میں اعلیٰ تکنیکی معیار برقرار رکھا جائے تاکہ عوام کو دیرپا اور مستفید فائدہ پہنچ سکے۔انہوں نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ فلاحِ عامہ اور علاقائی ترقی کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہیں گے۔اس موقعہ پر صدر بیوپار منڈل بلرام شرما اور ریٹائرڈ ماسٹر رمیش بالی کے علاوہ دکانداروں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے اس تاریخی قدم کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت اور وزیر جاوید احمد رانا کا شکریہ ادا کیا۔