محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ نے ملی ٹینٹوںکی سرگرمیوں کے خاتمے اور عوامی اشتراک کو مضبوط بنانے کے لئے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ملی ٹینٹوں یا ان کے معاونین کی موجودگی، نقل و حرکت یا سرگرمیوں سے متعلق درست، ٹھوس اور قابلِ عمل اطلاع فراہم کرنے والے افراد کے لئے 5لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔پونچھ پولیس نے واضح کیا ہے کہ اطلاع دہندگان کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی تاکہ ان کی جان و مال کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی یا ایسی معلومات فوراً شیئر کریں جو ملی ٹینسی یا اس سے منسلک نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے میں مددگار ثابت ہو۔ خاص طور پر ان سرگرمیوں کی اطلاع دینے کی تاکید کی گئی ہے۔انہوں نےملی ٹینٹوں کو خوراک، رہائش یا ضروری سامان فراہم کرنا،نقل و حرکت، ٹرانسپورٹ یا ٹھکانہ فراہم کرنے میں معاونت،ملی ٹینٹوں کے ساتھ براہ راست یا بالواسطہ رابطہ رکھنا،سیکورٹی فورسز کی نقل و حرکت کی معلومات ملی ٹینٹوںتک پہنچانا،ملی ٹینسی کے لئے مالی امداد، بھرتی، نیٹ ورکنگ یا رابطہ کاری میں سہولت دینے والوں کی معلومات فراہم کر نے کو کہا۔ پونچھ پولیس نے کہا کہ عوام کی بروقت دی گئی معلومات نہ صرف امن دشمن عناصر کی سرکوبی میں مدد دیتی ہے بلکہ علاقائی امن و استحکام کو بھی مضبوط بناتی ہے۔انہوں نے کہااس سلسلے میں پولیس کنٹرول روم (پی آرسی) پونچھ: +91 90862 53188،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سرنکوٹ: 91030 11723،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈکوارٹر پونچھ: 95419 00975،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مینڈھر: 95419 12377شہری ان واٹس ایپ/ٹیلیگرام ہیلپ لائن نمبرز پر معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کسی بھی قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس پوسٹ میں بھی معلومات پہنچا سکتے ہیں۔پونچھ پولیس نے امید ظاہر کی ہے کہ عوامی تعاون کے ذریعے ملی ٹینسی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے اور امن قائم رکھنے میں مزید مؤثر نتائج سامنے آئیں گے۔