یو این آئی
نئی دہلی//امریکہ کو برآمدات میں کمی اور سونے کی درآمدات میں تیزی کے باعث اکتوبر میں ملک کا تجارتی خسارہ بڑھ کر 41.68ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ ستمبر میں یہ خسارہ 32.15 ارب ڈالر تھا، جو 13 ماہ کی بلند ترین سطح تھی۔وزارتِ تجارت و صنعت کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں تجارتی سامان کی برآمدات 11.8فیصد کمی کے ساتھ 34.38ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات 16.63فیصد اضافے سے 76.06ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ گزشتہ سال یہی اعداد بالترتیب 38.98ارب اور 65.21ارب ڈالر تھے۔اعداد و شمار کے مطابق سونے کی درآمد اکتوبر میں بڑھ کر 14.7ارب ڈالر ہو گئی، جو ستمبر میں 9.6ارب ڈالر تھی۔امریکہ کو برآمدات سالانہ بنیاد پر 9فیصد کم ہو کر 6.31ارب ڈالر رہ گئیں۔ البتہ ماہانہ بنیاد پر اکتوبر میں معمولی بہتری آئی ہے، جبکہ ستمبر میں یہ برآمدات 5.47ارب ڈالر تک گر گئی تھیں۔امریکہ کی جانب سے اگست میں ہندوستانی مصنوعات پر 25 فیصد اور ماہ کے آخر میں اسے بڑھا کر 50فیصد ٹیکس لگا دیا گیا تھا جس سے ٹیکسٹائل، جھینگا اور رتن و زیورات کی برآمدات شدید متاثر ہوئیں۔کامرس سکریٹری راجیش اگروال کے مطابق موجودہ مالی سال میں پہلی مرتبہ اکتوبر میں برآمدات میں کمی ریکارڈ ہوئی، جس کی بڑی وجہ امریکہ کو برآمدات میں گراوٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی اتار چڑھا کے باوجود گزشتہ سات ماہ میں مجموعی برآمدات میں 4.84 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق اپریل تا اکتوبر 2025 کے دوران مجموعی تجارتی برآمدات 254.25ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے 252.66ارب ڈالر سے 0.63 فیصد زیادہ ہیں۔ اسی مدت میں اشیا و خدمات کی کل برآمدات 491.80 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے 4.84 فیصد زیادہ ہیں۔غیر پٹرولیم برآمدات 3.92 فیصد بڑھ کر 219.90 ارب ڈالر ہو گئیں۔اس دوران جن اشیا کی برآمدات میں سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ان میں الیکٹرانک سامان میں 19.05فیصد اضافے کے ساتھ برآمدات 4.08 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گوشت، ڈیری اور پولٹری مصنوعات کی برآمدات 30.87 فیصد بڑھ کر 0.58ارب ڈالر ہو گئیں۔ اسی طرح بحری مصنوعات میں 11.08 فیصد اضافہ ہوا اور برآمدات 0.90 ارب ڈالر رہیں۔ کاجو کی برآمدات میں غیرمعمولی 126.85 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 6 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ کافی کی برآمدات 10.91فیصد بڑھ کر 13 کروڑ ڈالر ہو گئیں۔