بلال فرقانی
سرینگر//حکومت نے ٹٹو گراؤنڈ بٹہ مالو کی 139.04 ایکڑ اراضی فوج کو منتقل کرنے کے سلسلے میں اس کے عوض برابر مالیت کی زمین کی نشاندہی کے لیے ایک مشترکہ بورڈ آف افسرزتشکیل دیا ہے۔ حکومت کے مطابق یہ بورڈ یونین ٹیریٹری کے اندر ایسی مناسب اراضی کی تلاش اور اس کی مالیت کے تعین کا کام کرے گا، جو ٹٹو گراؤنڈ کی اراضی کے متبادل کے طور پر فوج کے حوالے کی جا سکے۔ حکم نامے کے مطابق بورڈ کی سربراہی 31سب ایریا کے کرنل ہیڈ کوارٹر کریں گے۔ دیگر اراکین میں سٹیشن کمانڈر ہفت چنار، ڈویژنل کمشنر کشمیر کے معاون کمشنر (سنٹرل)، سرینگر، اننت ناگ اور بارہمولہ کے اسسٹنٹ کمشنر ریونیوکے علاوہ کشمیر سرکل اور بارہمولہ کے ڈیفنس اسٹیٹ افسران شامل ہیں۔ سرکاری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ بورڈ اس بات کا جائزہ لے گا کہ فوج نے وزارت داخلہ کو جموں کشمیر یو ٹی کے ذریعے کتنی اراضی منتقل کی ہے اور یو ٹی حکومت نے اب تک فوج کو کتنی زمین فراہم کی ہے۔ بورڈ کو یہ بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس تمام زمین کی مالیت کا تخمینہ لگائے اور ٹٹو گراؤنڈ کی 139.04 ایکڑ اراضی کے بدلے میں مناسب متبادل زمین کا تعین کرے۔بورڈ انتظامیہ اور فوج، دونوں کے لیے قابل قبول ایسی مناسب زمین کی نشاندہی کرے گا جسے ’برابر مالیت کی زمین‘ کے طور پر فوج کے حق میں منتقل کیا جا ئے گا۔