عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پولیس سربراہ نالین پربھات نے پیر کے روز آئی جی کشمیر کے ہمراہ ایچ ایم ٹی سرینگر میں سینئر گریڈ کانسٹیبل اعجاز احمد میر کے گھر جاکر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ نالین پربھات اور دیگر افسران نے اہلِ خانہ سے ملاقات کے دوران ان کے غم میں گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور پولیس محکمے کی جانب سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے بتایا کہ پولیس محکمہ ان اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا:’ہم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے ، اور نہ ہی اُن کے اہل خانہ کو تنہا چھوڑیں گے ۔ محکمہ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔’ڈی جی پی پربھات نے مزید کہا کہ انہوں نے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلے کی تلقین کی ہے اور انہیں یقین دلایا ہے کہ محکمے کی جانب سے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوگام دھماکے میںجاں بحق ہوئے تمام 9 اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے تعاون اور راحت کے اقدامات پہلے ہی شروع کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کی قربانی دینے والوں کے اہل خانہ کی ہمیشہ خبرگیری کرتی ہے ، یہ ہمارا فرض بھی ہے اور ہمارا عہد بھی۔