عظمیٰ نیوزسروس
لولاب // درد پورہ لولاب کے لوہار محلہ اور چوپان محلہ کی آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اور انہیں ندی نالوں کا گندہ پانی پینے کیلئے استعمال کرنا پڑتا ہے ۔ ددر پورہ لولاب کے دو محلوں لوہار محلہ اور چوپان محلہ کی آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اور موسم سرما کے ان سر د ترین ایام میں بھی انہیں پینے کیلئے صاف پانی دو ر دور سے لانا پڑ رہا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پینے کیلئے صاف پانی ان کیلئے اب ایک خواب سے بن چکا ہے جبکہ حکام کی جانب سے انہیں راحت فراہم کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کہا کہ جل جیون مشن سکیم کے تحت ایک بڑا پروجیکٹ بننے کے باوجود انہیں اس سے پانی نہیں مل رہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار متعلقہ دفاتر سے رجوع کیا اور حکام کو آگاہ کیا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔مقامی لوگوں کا یہ بھی الزام ہے کہ انہیں ملنے والا تھوڑا سا پانی اتنا گندا ہے کہ جانور بھی اسے نہیں پیتے اور اس گندہ پانی سے مقامی لوگ اب بیمار ہو رہے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے یہ بھی کہا کہ اس علاقے میں بنائے گئے پانی کے ٹینک کو اوپر سے کھلا چھوڑ دیا گیا ہے جس میں جانور دن بھر ڈبکی لگاتے ہیں اور بعد میں وہی پانی لوگوں کو پینے کیلئے فراہم کیا جاتا ہے ۔ مقامی لوگوں نے اس حوالہ سے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔