عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر /عظمیٰ نیوزسروس/ ضلع انتظامیہ سرینگر نے پیر کو یہاں ایک تعزیتی اجلاس میں نائب تحصیلدار مظفر احمد خان اور محکمہ ریونیو کے سہیل احمد راتھر سمیت 9 جانوں کی موت پر سوگ کا اظہار کیا گیا جنہوں نے جمعہ کی شام سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران نوگام میں ہونے والے حادثاتی دھماکے میں اپنی جانیں گنوائیں۔9 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر سرینگر، اکشے لابرو، دیگر سینئر افسران اور ڈی سی آفس سرینگر کے تمام ملازمین نے مرحوم کی روح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تعزیتی میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈی سی سرینگر اور دیگر شرکاء نے جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ڈی سی نے رخصت ہونے والے اہلکاروں کی دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور پرعزم خدمات کو سراہا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روحوں کے لیے ابدی سکون اور اس دل دہلا دینے والے غم کو برداشت کرنے والے خاندانوں کے لیے طاقت اور تسلی کی دعا کی۔ضلع انتظامیہ کے تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے، ڈی سی نے کہا کہ پوری انتظامیہ اس مشکل وقت میں خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثنا، ڈی سی سرینگر نے ہفتہ کو نائب تحصیلدار مظفر احمد خان کے سوبگ، بڈگام اور سہیل احمد راتھر نٹی پورہ، سرینگر میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے غم میں شریک ہوئے۔