لیفٹیننٹ گورنر کا شمالی زونل کونسل میٹنگ سے خطاب
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل فرید آباد، ہریانہ میں مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر امت شاہ کی زیر صدارت شمالی زونل کونسل کی 32ویں میٹنگ میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں اور وزیر داخلہ امت شاہ کی مسلسل رہنمائی سے جموں کشمیر اگست 2019 سے ترقی اور سلامتی کے محاذ پر بڑی اور نئی بلندیوں کو حاصل کر رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر سے متعلق مختلف مسائل کو حل کرنے اور اس کی ہمہ گیر ترقی کی رہنمائی کے لیے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر نے اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے، کنیکٹیویٹی، نچلی سطح پر جمہوریت کی مضبوطی اور نوجوانوں اور خواتین کے لیے بہتر مواقع کے حوالے سے تاریخی تبدیلی دیکھی ہے۔ سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ملی ٹینسی کے خلاف زیرو ٹالرنس” کی پالیسی نے تشدد، پتھراؤ، ہڑتالوں اور مقامی بھرتیوں کو روک دیا ہے۔انہوں نے جموں کشمیر پولیس کی طرف سے نیٹ ورک کا پتہ لگانے اور اسے ختم کرنے کے لئے حالیہ پیچیدہ تحقیقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ ’وندے ماترم‘ کی 150ویں سال کی یادگاری تقریب کے پہلے مرحلے میں، جموں کشمیر نے ایونٹ کی شرکت میں پورے ملک میں پہلا مقام حاصل کیا ہے اور ٹاپ 10 اضلاع میں سے 9 کا تعلق جموں و کشمیر یو ٹی سے ہے۔میٹنگ میں ہریانہ کے وزیر اعلی نایاب سنگھ سینی، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو، راجستھان کے وزیر اعلی بھجن لال شرما، جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔