عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پولیس سربراہ نالین پربھات اور آئی جی پی کشمیر نے پیر کے روز سینئر گریڈ کانسٹیبل اعجاز احمد میر کے گھر غزال آباد ایچ ایم ٹی سرینگر کا دورہ کیا۔ اعجاز احمد میر اُن نو اہلکاروں میں شامل تھے جونوگام پولیس اسٹیشن دھماکے میں جاں بحق ہوئےتھے ۔افسران نے مہلوک کانسٹیبل کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور پولیس محکمے کی جانب سے تعزیت پیش کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی پربھات نے کہا کہ پولیس فورس اُن اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے جنہوں نے اس المناک واقعے میں جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا، ’’ہم انہیں کبھی نہیں بھولیں گے‘‘ اور یقین دلایا کہ تمام متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ڈی جی پی پربھات کے مطابق انہوں نے مہلوکین کے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلے کا پیغام بھی پہنچایا۔ انہوں نے کہا، ’’پولیس ان خاندانوں کو کبھی نہیں بھولے گی اور ہم مسلسل ان کی مدد کرتے رہیں گے۔‘‘ڈی جی پی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 9اہلکاروں کے تمام اہلِ خانہ کے لیے امدادی اور تعاون کے اقدامات مربوط انداز میں جاری ہیں۔
پولیس سربراہ نالین پربھات کا غزال آباد سرینگر دورہ ، نوگام دھماکےمیں جاں بحق ہونے والے کانسٹیبل اعجاز احمد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت