محمد تسکین
بانہال// گورنمنٹ ہائی سکول کسکوٹ بانہال کے صحن کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں ایک سینئر ماسٹر جو انچارج ہیڈ ماسٹر بھی ہیں اور نائب تحصیلدار کے درمیان ہاتھا پائی دیکھی جاسکتی ہے۔ یہ واقعہ 13نومبر 2025کو اُس وقت پیش آیا جب سکول میں دسویں جماعت کے امتحانات جاری تھے اور نائب تحصیلدار بانہال چوکیدار اور نمبردار کے ہمراہ امتحانی مرکز کا معائنہ کرنے پہنچے تھے۔فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ انچارج ہیڈ ماسٹر نے امتحان ہال میں نائب تحصیلدار کے ہمراہ غیر متعلقہ افراد کے داخل ہونے پر اعتراض کیا۔ اسی دوران نائب تحصیلدار مبینہ طور پر طیش میں آکر امتحانی مرکز سے باہر نکلتے ہیں اور سکول کے صحن میں موجود ماسٹر سے الجھ پڑتے ہیں۔ ویڈیو کے مطابق نائب تحصیلدار نے ماسٹر پر ہاتھ اٹھانے اور لات مارنے کی کوشش کی، تاہم ماسٹر کے بچاؤ کی کوشش کے دوران نائب تحصیلدار زمین پر گر جاتے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ماسٹر نے نائب تحصیلدار کی آمد پر نہیں بلکہ اُن کے ساتھ آنے والے دیگر افراد کے امتحانی مرکز میں داخل ہونے پر اعتراض کیا تھا۔ہائی سکول کسکوٹ کے اساتذہ اور دیگر سٹاف نے انچارج ہیڈ ماسٹر کے ساتھ پیش آئے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات معمول کے مطابق جاری تھے اور سکول کے احاطے میں پیش آئے واقع سے زیر امتحان بچوں کے کام میں خلل پڑا۔ واقعے کے بعد ایس ڈی ایم بانہال محمد نصیب اور پولیس حکام موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔اس سلسلے میں ایک سرکاری عہدیدار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نائب تحصیلدار ، گرداوار ، چوکیدار اور نمبردار پر مشتمل افراد امتحانات کیلئے حکام کی طرف سے قائم کئے گئے فلائنگ سکاڈ کا حصہ تھے اور آپسی غلط فہمی کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کی رضامندی کے بعد معاملہ افہام و تفہیم کے ساتھ ختم کیا گیا ۔