محمد تسکین
بانہال // محکمۂ تعلیم رام بن سے وابستہ ممتاز استاد مدثر نذر وانی کو کمپیوٹر سائنس میں اعزازی ڈاکٹریٹ سے سرفراز کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں ساہیتہ سیوا ایوارڈ کونسل کی جانب سے دیا گیا، جو حکومتِ ہند کا ایک تسلیم شدہ ادارہ ہے۔ ایوارڈ تقریب 14نومبر 2025کو نئی دہلی کے ریڈیسن بلو ہوٹل میں منعقد ہوئی۔بانہال کے گنڈعدلکوٹ علاقے سے تعلق رکھنے والے مدثر نذر وانی 2006سے کمپیوٹر خواندگی اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ میں سرگرم ہیں۔ ہائر سیکنڈری سکول بانہال میں اُن کی تدریسی خدمات اور مقامی سطح پر کمپیوٹر تربیتی پروگراموں نے علاقے میں ٹیکنالوجی سے متعلق شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔تدریسی عمل کے علاوہ مدثر نذر وانی نے کمپیوٹر سائنس پر متعدد مضامین بھی تحریر کیے ہیں، جنہوں نے علمی مباحث میں اضافہ کیا اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی ہے۔ جغرافیائی طور پر مشکل علاقوں میں جدید ڈیجیٹل مہارتوں کو متعارف کرانے کی ان کی کوششوں کو وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔ساہتہ سیوا ایوارڈ کونسل کے عہدیداران نے انہیں ’’دور دراز علاقوں میں ڈیجیٹل تعلیم کے مشعل بردار‘‘ قرار دیتے ہوئے طلبہ کو ٹیکنالوجی کے ذریعے مضبوط بنانے کے لیے ان کی انتھک محنت کو سراہا۔اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے مدثر نذر وانی نے کہا کہ یہ اعزاز انہیں ضلع رامبن خصوصاً ڈیجیٹل اور کمپیوٹر تعلیم کے فروغ کے لیے مزید سرگرمی سے کام کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔اُن کی اس کامیابی نے بانہال اور پورے ضلع رامبن کا سَر فخر سے بلند کر دیا ہے اور یہ کارنامہ دور دراز علاقوں میں کام کرنے والے دیگر اساتذہ کے لیے بھی ایک بڑی تحریک ثابت ہو رہا ہے۔ ان کی اس کامیابی کیلئے انہیں سوشل میڈیا پر مبارکبادی کے پیغامات دیئے جا رہے ہیں ۔