ظفر اقبال
اوڑی//سرحدی قصبہ اوڑی کے بونیار علاقے میں سبز سونے کی لوٹ جاری ہے مگر محکمہ جنگلات خاموش تماشائی بنابیٹھا ہے۔اطلات کے مطابق بونیار کے ترکانجن علاقے کے کمپار ٹمنٹ نمبر 51 اور 54 کے جنگلات میں جنگل سمگلروں نے بڑے پیمانے پر سبز دیودار کے درختوں کو نقصان پہنچایا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق جنگل سمگلر طرح طرح کے حربے استعمال کر کے جنگل میں سبز سونے کی لوٹ کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنگل سمگلر تازہ درختوں کو کاٹنے کے علاوہ درختوں کے تنو کو آگ لگا کر درختوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور پھر ان درختوں کا کٹائو کر کے دوسرے علاقوں میں سمگلنگ کرتے ہیں اور طرح طرح کا فرنیچر تیار کر کے بازاروں میں فروخت کیا جاتا ہے۔لوگوں نے بتایا کہ اگر کوئی مقامی جنگل سے معمولی بالن کی لکڑی لاتا ہے ، محکمہ جنگلات کے اہلکار اُسے تنگ کرتے ہیں ،مگر جنگل سمگلر جو جنگلات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاتے ہیں انکے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی۔اسی طرح بونیار کے کچھ دیگر علاقوں سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں، جہاں سبز سونے کی لوٹ جارہی ہے۔مقامی آبادی نے محکمہ جنگلات کے علی افسران سے اپیل کی ہے کہ جنگل سمگلروں کے خلاف سخت کاروئی کی جائے اور سبز سونے کو بچایا جائے۔