عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نے ملک گیر ملی ٹینسی کے ایک بڑے ماڈیول کو توڑ کر ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے، جس سے ملک بھر میں منصوبہ بند حملوں کی ایک سیریز کو ناکام بنا دیا گیا۔جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی سنہا نے کہا کہ ’’لال قلعہ دھماکے سے منسلک اس ماڈیول کو بروقت خفیہ معلومات اور جموں کشمیر پولیس کی مربوط کارروائی کے باعث کامیابی سے بے نقاب کیا گیا۔‘‘انہوں نے نوگام پولیس اسٹیشن میں پیش آئے ’’افسوسناک واقعے‘‘ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، جہاں گرفتار ملی ٹینٹوں سے برآمد کیے گئے دھماکہ خیز مواد کے فارنزک معائنے کے دوران ایک حادثاتی دھماکہ ہوا۔
ایل جی سنہا نے کہا، ’’ایک ٹیم برآمد کیے گئے دھماکہ خیز مواد کے نمونے جمع کر رہی تھی۔ بدقسمتی سے ہم نے بہادر پولیس اہلکاروں اور دیگر افسران کو کھو دیا۔ میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘انہوں نے واضح کیا کہ اس دھماکے میں کسی بھی قسم کا دہشت گردانہ زاویہ یا بیرونی مداخلت شامل نہیں، بلکہ یہ مکمل طور پر ایک حادثہ تھا۔ایل جی سنہا نے جموں کشمیر پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائی نے ’’پورے ملک میں دہشت گردانہ حملوں کو روک کر بے شمار جانیں بچائیں۔‘‘
حکام کے مطابق نوگام واقعے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں جبکہ زخمیوں اور شہداء کے لواحقین کی ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ حادثاتی دھماکہ جمعہ کی رات تقریباً 11:20 بجے اس وقت ہوا جب ایک خصوصی ٹیم ایک بڑے اور ’’غیر مستحکم‘‘ بارودی ذخیرے سے نمونے نکال رہی تھی، جو ایک جاری ’وائٹ کالر‘ دہشت گردی ماڈیول کی تفتیش کے سلسلے میں ضبط کیا گیا تھا۔
ایل جی سنہا کا ملک گیر ملی ٹینسی ماڈیول بے نقاب کرنے پر جموں کشمیر پولیس کو خراجِ تحسین