عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی،جے کے کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ ،سی پی آئی ایم لیڈر محمدیوسف تاریگامی،سجاد لون ،سیف الدین سوزاور دیگر سیاسی لیڈروں نے نوگام پولیس سٹیشن میں ہوئے حادثاتی دھماکے میںقیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیاہے۔ محبوبہ مفتی نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’ نوگام پولیس سٹیشن میں ہوئے المناک حادثاتی دھماکے سے گہرا دکھ ہوا جس میں قیمتی جانیں چلی گئیں اور متعدد زخمی ہوئے‘۔انہوں نے لکھا’یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ان خطرات اور مشکل حالات کو ظاہر کرتا ہے جن میں ہمارے پولیس اہلکار لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں‘۔انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔اس دوران جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے المناک حادثاتی دھماکے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کے لیے ابدی سکون کی دعا کی۔پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے کہا کہ یہ واقعہ دل دہلا دینے والا ہے ۔ادھر سی پی آئی ایم لیڈر محمدیوسف تاریگامی، کانگریس لیڈر پروفیسر سیف الدین سوز ،ایم ایل اے پلوامہ وحید الرحمان پرہ ،نیشنل کانفرنس لیڈر اسد اللہ الائی اور دیگر لیڈروں نے بھی دھماکے میں جانوں کے زیاں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ایجیک صدر فیاض شبنم نے بھی اس دھماکہ میں جاں بحق ہوئے لوگ کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔