عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کو کہا کہ حکومت نوگام پولیس سٹیشن میں حادثاتی دھماکے سے قریبی ڈھانچوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تلافی کرے گی۔ عبداللہ نے کہا کہ حکومت متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔”وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا ہے کہ حکومت ان خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے جنہوں نے افسوسناک نوگام پولیس سٹیشن دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے وزیر صحت سکینہ ایتو کو زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ تباہ شدہ ڈھانچے کو مناسب معاوضہ دیا جائے گا” ۔ادھرحکومت نے نوگام دھماکے متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا۔حکومت دھماکے میں ہر مرنے والے کے لئے 10 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کے لئے 1 لاکھ روپے فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے ریلیف فنڈ سے فوری امداد کے طور پر ایکس گریشیا ریلیف منظور کیا گیا ہے ۔