عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سی پی آئی (ایم) کے لیڈر اور رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے نوگام پولیس اسٹیشن حادثاتی دھماکے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ پورے کشمیر کے لئے کسی صدمے سے کم نہیں ہے۔انہوں نے دہلی کار دھماکے کو بھی حد درجہ افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ واقعہ بھی شرمناک تھا جس میں بے گناہوں کی جانیں گئیں۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔نوگام پولیس اسٹیشن حادثاتی دھماکے کے بارے میں انہوں نے کہا یہ ہم سب کے لئے اور پورے کشمیر کے لئے ایک صدمے سے کم نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھااس واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہیں کہ یہ کس وجہ سے ہوا، فی الحال اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔دلی کار دھماکے کے بارے میں انہوں نے کہاجو دہلی کار دھماکہ ہوا وہ بھی حد درجہ افسوسناک بلکہ شرم ناک تھا جس میں بے گناہوں کی جانوں کا زیاں ہوا۔ تاریگامی نے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔واضح رہے کہ کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں گذشتہ شب ایک حادثاتی دھماکہ ہوا جس میں 9 افراد کی موت جبکہ 32 دیگر زخمی ہوگئے جن میں بیشتر پولیس اہلکار شامل ہیں۔
نوگام پولیس اسٹیشن واقعہ کسی صدمے سے کم نہیں ہے:محمد یوسف تاریگامی