عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلن پربھات نے ہفتے کے روز کہا کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے کی وجہ سے متعلق کسی بھی قسم کی اضافی قیاس آرائی ’’غیر ضروری‘‘ ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ دھماکے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 27 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔پی سی آر سری نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے کہا کہ بازیاب کیا گیا دھماکہ خیز مواد کشمیر منتقل کیا گیا تھا اور اسے نوگام پولیس اسٹیشن کے کھلے حصے میں محفوظ طریقے سے رکھا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ’’طے شدہ طریقہ کار کے تحت اس بازیافتی مواد کے نمونے مزید فارنسک اور کیمیکل جانچ کے لیے بھیجے جانا تھے، اور مواد کی بڑی مقدار کے سبب یہ عمل کل سے جاری تھا۔‘‘ڈی جی پی کے مطابق، ’’مواد کی حساس اور غیر مستحکم نوعیت کی وجہ سے نمونہ سازی کا عمل انتہائی احتیاط کے ساتھ کیا جا رہا تھا، تاہم بدقسمتی سے رات 11:20 پر ایک حادثاتی دھماکہ پیش آیا۔ اس واقعے کی وجہ پر مزید کوئی قیاس آرائی غیر ضروری ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی کا ایک افسر، فارنسک لیبارٹری کے 3 اہلکار، 2 فوٹوگرافر، 2 محکمۂ ریونیو ملازم اور ایک درزی شامل ہیں۔ ’’اس کے علاوہ 27 پولیس اہلکار، 2 ریونیو ملازم اور قریبی علاقوں کے 3 شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈی جی پی نے مزید بتایا کہ پولیس اسٹیشن کی عمارت بری طرح تباہ ہو گئی ہے جبکہ ملحقہ عمارات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’اس افسوسناک واقعے کی وجہ کی تحقیقات جاری ہیں، اور جموں و کشمیر پولیس اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
دھماکہ حادثاتی :کسی بھی قسم کی قیاس آرائی ’’غیر ضروری‘‘: پربھات