عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//نئی دہلی میں کل بھارت منڈپم میں منعقد 44ویں انڈیا انٹر نیشنل ٹریڈ فیئر 2025 کا باضابطہ افتتاح دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے چراغ روشن کرکے کیا۔ افتتاح کے بعد سی ایم ریکھا گپتا نے میلے میں مختلف اسٹالز کا جائزہ لیا اور وہاں رکھے گئے مصنوعات کو دیکھا۔اس بار میلہ “ایک ہندوستان، شریشٹھ ہندوستان” کی تھیم پر منعقد ہو رہا ہے، جس میں 12 ممالک اور 30 ریاستیں و مرکز کے زیرانتظام علاقے حصہ لے رہے ہیں۔ میلے کا مجموعی رقبہ 1.9 لاکھ مربع میٹر ہے، اور اس میں 55 سرکاری محکمے، مرکزی وزارتیں اور 390 نجی کمپنیاں شامل ہیں۔ سی ایم ریکھا گپتا نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف 2025 کا مقصد صرف تجارت کو فروغ دینا نہیں بلکہ ہندوستان کی ثقافتی اور تجارتی وراثت کو عالمی سطح پر پیش کرنا بھی ہے۔ بجلی کے وزیر مملکت شری پد وائی نائک نے نیشنل ٹریڈ فیئر میں بجلی کی وزارت کے پویلین کا افتتاح کیا۔ وزارت توانائی کے اس پویلین کے ذریعے یہاں پرگتی میدان میں 14 سے 27 نومبر تک جاری رہنے والے بین الاقوامی تجارتی میلے میں ملک کے سات سرکاری بجلی اداروں کے توانائی سے متعلق ماحولیاتی نظام اور بجلی کے شعبے میں ملک کی پیش رفت کو نمایاں کرے گی۔ میلے میں ائیرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کے اسٹال پر لوگوں نے نہ صرف ہوابازی کے شعبے سے متعلق سرکاری اسکیموں کے بارے میں، بلکہ اے ٹی سی (ایئر ٹریفک کنٹرول) ٹاور کی کارکردگی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔کیوسک پر لوگ ‘اُڑان’ اسکیم، اسٹارٹ اپ پالیسی، اے اے آئی ۔روٹس ایشیا 2025 اور ہندوستان کے فضائی کنکیٹی ویٹی کے نقشے کو دیکھ سکتے ہیں۔ اس دوران انہوں نے بہار، مہاراشٹر، اتر پردیش اور راجستھان کے اسٹالز پر موجود ہنرکاری، زرعی مصنوعات اور تکنیکی اختراعات کی تعریف کی۔