حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں انتظامیہ نے منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی منشیاتی تجارت کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک بڑی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 1.11 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کرلی۔پولیس کے مطابق، ضبط کی گئی یہ جائیداد ضلع کے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی ہے، جو منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں سرگرم تھا۔پونچھ پولیس نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن پونچھ میں درج ایف آئی آر نمبر 178/2025 کے تحت، جس میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21/22/29 اور بھارتیہ نیایا سنہیتاکی دفعہ 111 شامل ہے، محمد اقبال ولد غلام نبی سکنہ سیری خواجہ، حال کامسر پونچھ کی جائیداد کو ضبط کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد محمد اقبال کی اہلیہ شہناز کوثر کے نام پر ہے، جو ایک زیرِ تعمیر تین منزلہ عمارت پر مشتمل ہے۔ یہ عمارت کامسر علاقے میں خسرہ نمبر 2093 کے تحت واقع ہے، جس کا رقبہ 10 مرلہ اور تخمینہ مالیت تقریباً 1.11 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کی گئی ہے جبکہ اس کی باقاعدہ اطلاع مجاز اتھارٹی کو بھی دے دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق، اس کارروائی کا مقصد منشیات کے غیر قانونی کاروبار کی مالی جڑوں پر کاری ضرب لگانا اور یہ واضح پیغام دینا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ یا اس سے فائدہ حاصل کرنے والے افراد کو سخت قانونی اور مالی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ضلع پونچھ پولیس نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ معاشرے سے منشیات کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ پولیس نے کہا کہ منشیات فروشوں اور ان کے معاونین کے خلاف کارروائیاں آئندہ دنوں میں مزید سخت کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس تباہ کن لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کی نشاندہی میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور اس اجتماعی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ پونچھ ضلع کو منشیات سے پاک بنایا جا سکے۔