عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سی پی آئی(ایم) رہنما محمد یوسف تاریگامی نے دہلی میں لال قلعہ کے قریب ہوئے حالیہ دھماکے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واقعی کچھ ڈاکٹر، جن کا پیشہ انسانی جانیں بچانا ہے، اس واقعے میں ملوث پائے گئے ہیں تو یہ نہایت افسوسناک اور باعثِ فکر ہے۔تاریگامی نےاننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا:’یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے اگر کچھ ایسے افراد، جن کا فرض انسانی جانوں کو بچانا ہے، دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ایسے واقعات نہ صرف انسانیت کے خلاف ہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے باعثِ شرم ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے نام پر کسی بھی قسم کی تشدد آمیز کارروائی ماضی کے تجربات کے مطابق ریاست کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی ہے۔سی پی آئی(ایم) رہنما نے مطالبہ کیا کہ دہلی دھماکے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور قصورواروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، چاہے وہ کسی بھی طبقے یا پیشے سے تعلق رکھتے ہوں۔
انہوں نے کہاکہ تحقیقات کے نام پر معصوم لوگوں کو پریشان کیا جائے اس سے پرہیز کیا جانا چاہئے اور یہ ہمارا پہلے سے موقف رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہیں۔ ان کے مطابق معصوم شہریوں کا قتل ناقابل برداشت ہے۔
دہلی دھماکے میں ڈاکٹروں کے ملوث ہونے کی خبریں افسوسناک:تاریگامی