عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر کا ہر شہری دہشت گرد نہیں ہے، اور بدقسمتی سے جب ہم ہر کشمیری کو شک کی نگاہ سے دیکھنے لگتے ہیں تو لوگوں کو صحیح راستے پر رکھنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔جموں میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نےکہا کہ انہوں نے اس واقعے پر پہلے ہی دن اپنا ردعمل دیا تھا۔انہوں نے کہااس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ معصوم لوگوں کا اس بے دردی سے قتل ناقابلِ قبول ہے، کوئی بھی مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا۔ تحقیقات جاری ہیں اور تمام مجرموں کو سزا ملنی چاہیے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کا ہر شخص دہشت گرد یا دہشت گردوں سے وابستہ نہیں ہے۔انھوں نے کہا یہ صرف چند لوگ ہیں جو ہمیشہ یہاں امن اور بھائی چارے کو بگاڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہابدقسمتی سے جب ہم ہر کشمیری اور ہر کشمیری مسلمان کو شک کی نظر سے دیکھنے لگتے ہیں اور ہر کشمیری مسلمان کو دہشت گرد کے طور پر پیش کرتے ہیں، تو لوگوں کو صحیح راستے پر رکھنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو سخت سزا ملنی چاہیے، لیکن معصوم لوگوں کو اس سے الگ رکھا جانا چاہیے۔عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ کئی بار تعلیم یافتہ لوگ بھی ایسے واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں، لیکن بے گناہ افراد کو اس میں شامل نہ کیا جائے۔
جموں و کشمیر کے ہر فردکو دہشت گرد نہ سمجھا جائے: وزیراعلیٰ عمرعبداللہ